اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے میں ہم کوئی سیاسی غلطی نہیں کر رہے
راولپنڈی(مسائل نیوز) تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے آج زمان پارک لاہور میں اجلاس ہو گا،اجلاس کی صدارت عمران خان کریں گے۔پی ٹی آئی آج پھر اسمبلیوں کو تحلیل کرنے پر مشاورت کرے گی۔ اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ روس سے تیل درآمد کرنے میں موجودہ حکومت نے دیر کر دی،نالائق حکومت نے 8 ماہ ضائع کئے ہیں۔
ہمار ے دور میں روس سے تیل رعایتی قیمت پر خریدنے کی بات ہوئی تھی،موجودہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے،حکومت کوغلط بیانیوں پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد حکومت ڈگمگا گئی ہے،رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ ہرصورت اسمبلیاں بچانے کی کوشش کریں گے۔
جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ جب تک امپورٹڈ حکومت موجود ہے،ملک میں مسائل رہیں گے،ہم کہہ رہے ہیں میدان چھوڑ کر نہیں جارہے،ہم تو عوام میں ہیں۔
- Advertisement -
اسمبلیاں تحلیل کرکے ہم کوئی سیاسی غلطی نہیں کر رہے۔عدلیہ کے بارے میں کوئی ایسی بات کی ہے اور نہ ہی تنقید کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب اسد عمر نے توہین عدالت کیس میں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ سے اپنی تقریر پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں پی ٹی آئی دھرنا اور لانگ مارچ میں عدلیہ مخالف تقاریر کے معاملے پر سماعت ہوئی،جسٹس جواد حسن نے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کو جاری توہین عدالت نوٹس پر سماعت کی،عدالتی حکم پر اسد عمر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں اسد عمر کی تقریر کا اسکرپٹ بھی پیش کیا گیا جبکہ اسد عمر کی طرف سے توہین عدالت نوٹس کا جواب بھی جمع کرایا گیا۔دوران سماعت جسٹس جواد حسن نے فیصل چوہدری ایڈوووکیٹ سے استفسار کیا کہ آپ کے مؤکل کہاں ہیں ان کو پیش کریں،جس پر اسد عمر نے روسٹرم پر آ کر اپنی تقریر پر غیرمشروط معافی مانگ لی اور کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔