طلباءکی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انکو ریلیف دینگے،احسان شاہ
کوئٹہ(ویب ڈیسک) صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ نے کہا ہے کہ وہ میڈیکل اسٹوڈنٹس جنہوں نے اپنا میڈیکل ٹیسٹ پاس کرلیا ہے انکے انٹرویوز کوئٹہ کے بجائے اب انکے متعلقہ اضلاع میں منعقد ہونگے طلباءکی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انکو ریلیف فراہم کرنے کے لئے یہ اہم فیصلہ کیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف علاقوں سے آئے ہوئے میڈیکل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے طلباءکی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے
بتایا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے میڈیکل طلباءکو انٹرویو دینے کے لئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے سخت سردی کے موسم میں طلباءکو سفری مشکلات، رہائش سمیت دیگر اہم مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر موجودہ حکومت بلوچستان کے عوام کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی طلباءمستقبل کے معمار ہیں ان کو ریلیف اور مشکلات سے نجات دلانا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے
- Advertisement -
انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام طلباءجنہو ں نے اپنا میڈیکل ٹیسٹ پاس کرلیا ہے اب وہ انٹرویو دینے کے لئے کوئٹہ آنے کی زحمت نہ کریں بلکہ انکے انٹرویوز اب انکے متعلقہ اضلاع میں لئے جائیں گے انہوں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے محکمہ صحت کے متعلقہ آفیسر ان کو احکامات جاری کردئیے ہیں جہاں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے
صوبائی حکومت ان مشکلات کو حل کرنے کے لئے فوری طور اقدامات کرے گی ہمارا مقصد عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے انٹرویوز کے لئے طلباءکو آنے جانے کے لئے جو پریشانیاں درپیش تھیں اب وہ دور کر لی گئی ہیں آنے جانے میں طلباءکا کافی وقت ضائع ہوتا تھا اسی طرح ہر شعبے میں بہتری کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے