کیا کراچی ایئرپورٹ سے دوسرے صوبوں کے مسافروں پر بیرون ملک سفر پر پابندی کی حقیقت کیا ہے؟
کراچی (مسائل نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن ونگ نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دوسرے صوبوں سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ سے بیرون ملک جانے سے روکا جا رہا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق تمام صوبوں کے شہری معمول کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے بیرون ملک روانہ ہو رہے ہیں اور اس حوالے سے کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے امیگریشن چیک اور پروفائلنگ کے عمل میں صرف مخصوص نوعیت کے معاملات میں سختی کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو ان ایجنٹوں سے محفوظ رکھا جا سکے جو غیر قانونی سمندری راستوں یا دیگر ممنوعہ ذرائع سے لوگوں کو بیرون ملک لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پہلی بار بین الاقوامی سفر کرنے والے مسافر، خاص طور پر وہ جو سندھ سے تعلق نہیں رکھتے، ان کی اضافی تصدیق کی جاتی ہے۔
- Advertisement -
یہ پالیسی اُن مسافروں پر بھی لاگو ہے جو اپنے صوبے کے قریبی ہوائی اڈے کے بجائے کراچی ایئرپورٹ سے سفر کرنے کا انتخاب کرتے ہیں۔ ایسے مسافروں کو اپنی روانگی کے مقام کی وضاحت دینی ہوتی ہے جس کے بعد انہیں کلیئرنس دی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق حال ہی میں ایک پرواز سے 57 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا، جن میں 35 عمرہ زائرین اور 22 روزگار ویزہ ہولڈر شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق ان مسافروں کے پاسپورٹ پر امیگریشن اسٹیمپ بھی نہیں لگایا گیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جن مسافروں کے سفری کاغذات درست ہوتے ہیں اور وہ اپنے سفر کی وجوہات واضح طور پر بیان کرتے ہیں، انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہوتا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ نئی پالیسی کے تحت پنجاب سے تعلق رکھنے والے پہلی بار بین الاقوامی سفر کرنے والے مسافروں کو ترجیحاً اپنے قریبی ہوائی اڈے سے سفر کرنا چاہیے۔