MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار، بلوچستان ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو فوری الیکشن کا حکم دے دیا

0 131

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ(مسائل نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ نے عوامی مفاد میں ایک بڑا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کوئٹہ میں جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے اور حلقہ بندیوں کے خلاف دائر تمام آئینی درخواستوں کو خارج کر دیا ہے۔

جسٹس اقبال احمد کاسی اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کوئٹہ میں مردم شماری اور حلقہ بندیوں کو چیلنج کرنے والی متعدد آئینی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ حلقہ بندیوں کا اختیار آئینی طور پر الیکشن کمیشن کے دائرہ کار میں ہے اور عدالت اس میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

- Advertisement -

عدالت عالیہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ درخواست گزار 2017 کی مردم شماری کی بنیاد پر کی گئی حلقہ بندیوں کے خلاف ٹھوس دلائل یا کسی قانونی شق کی خلاف ورزی کو ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ درخواست گزاروں کی جانب سے کسی بھی ووٹر کو حقِ رائے دہی سے محروم کیے جانے کے شواہد بھی پیش نہیں کیے گئے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ “ووٹ کی طاقت اور توازن ہر انتخابی نظام کی اساس ہے”۔ عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزاروں نے حلقہ بندیوں کے خلاف باضابطہ اور بروقت اعتراضات دائر نہیں کیے۔

اس فیصلے کے ساتھ ہی عدالت نے 2023 میں جاری کیے گئے تمام عبوری احکامات بھی واپس لے لیے ہیں اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی عمل کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کرے۔ یہ فیصلہ آئینی پٹیشن نمبر 857/2022، 1283/2022، 1586/2023 اور 1789/2023 میں سنایا گیا، جس کے بعد کوئٹہ میں طویل عرصے سے التوا کا شکار بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.