وزیراعظم کے ریلیف پیکج پر ن لیگ کا ردِعمل آ گیا
اسلام آباد (مسائل نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دو خاندانوں کی دولت واپس لا کر مہنگائی کم کرنے کا بیان قوم کے ساتھ مذاق ہے۔انہوں نے جیو ٹی وی کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ انہوں نے کہا کہ حکومت آج تک ایک روپیہ واپس نہ لا سکی اور نہ ہی کوئی منی لانڈرنگ ثابت کر سکتی۔
محمد زبیر کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر نے بڑے بڑے دعوے کیے اور ثبوت ڈھونڈنے کے لیے دنیا بھر میں پھرتے رہے مگر ایک کیس ثابت نہیں کر سکے۔انہوں نے کہا کہ 120 ارب روپے ریلیف پیکج سے بھی تو خسارہ ہی بڑھے گا۔ریلیف پیکج سے بڑے بڑے مافیا فائدہ اٹھائیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے مہنگائی میں ریلیف پیکج کو مذاق قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی مہنگائی میں 30 فیصد سبسڈی بہت کم ریلیف ہے، تین سالوں میں گھی 108 فیصد، آٹا 50 فیصد اور گیس کی قیمت 300 فیصد بڑھ گئی، چھ ماہ کیلئے ریلیف پیکج مذاق کے سوا کچھ نہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا پیکج سوائے مذاق کے اور کچھ نہیں، وزیراعظم نے دعوی کیا کہ آٹا، گھی اور دالوں پر30 فیصد رعایت سے صرف چھ ماہ کے لئے کچھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا، گزشتہ تین سالوں میں گھی 108 فیصد، آٹا 50 فیصد اور گیس کی قیمتوں میں 300 فیصد کا اضافہ ہوا، تاریخی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا سامنا کرنے والی 20 کروڑ کی آبادی کیلئے 30 فیصد رعایت بہت کم اور کافی تاخیر سے ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے دوخاندانوں سے درخواست کی تھی کہ 30سالوں میں آپ جو پیسا چوری کرکے ملک سے باہر لے گئے، اس میں آدھا پیسا واپس لے آئیں، قوم سے وعدہ کرتا ہوں کھانے پینے کی تمام اشیاء کی قیمتیں آدھی کردوں گا۔ انہوں نے سرکاری ٹی وی پر براہ راست قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج بڑی خوشی ہے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فلاحی پروگرام کا اعلان کررہا ہوں، آج خاص طور پر احساس ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، تین سال میں اس سارے ڈیٹا کو بنانے میں لگے، اب ہمارے پاس سبسڈی دینے کا پورا پلان موجود ہے ، قوم کو یاد دلانا چاہتا ہوں جب ہمیں پاکستان ملا تو حالات اتنے برے نہیں تھے، خسارہ ، قرضے بھی زیادہ، زرمبادلہ ذخائر کم تھے۔