میڈیکل رپورٹ میں دعا زہرا کی عمر 15 سے زیادہ اور 16 سے کم قرار دی گئی
کراچی (مسائل نیوز) کراچی کی مقامی عدالت کے حکم پر میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کی عمر کے تعین سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی۔دعا زہرا کے عمر کی تعین سے متعلق کیس پر جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں 12 بجے سماعت ہوئی۔میڈیکل بورڈ کے مطابق دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے بتیسی ، کلائی اور کہنی کے ایکسرے کیے گئے تھے۔ کراچی کی مقامی عدالت کے حکم پر محکمہ داخلہ سندھ نے 10 رکنی میڈیکل بورڈ بنایا تھا۔
دعا زہرا کو میڈیکل رپورٹ میں ’مائنر‘ لکھا گیا ہے۔اس کی عمر 15 سے زیادہ اور 16 سے کم بتائی گئی ہے۔قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ کی سربراہ ڈاکٹر صبا سہیل نے کہا کہ عدالت کے حکم پر دعا زہرا کا مکمل معائنہ کیا گیا ہے۔کراچی سے لاہور جا کر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کے کراچی میں میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے، ڈاؤ ڈینٹل کالج میں دعا زہرا کے دانتوں کا ٹیسٹ مکمل کرکے اسے دوبارہ سروسز اسپتال پہنچایا گیا۔
- Advertisement -
دعا زہرا کے میڈیکل کے موقع پر عمر کے تعین کیلئے سروسز اسپتال میں میڈیکل بورڈ کا اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق دعا زہرا کی والدہ میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہوئیں، بورڈ نے ان سے دعا کی زندگی سے متعلق سوالات کیے جبکہ دعا کے والد کو بھی میڈیکل بورڈ نے طلب کیا تھا۔میڈیکل بورڈ نے دعا کے والدین کے وکیل جبران ناصر کو بھی طلب کیا تھا۔اس سے قبل اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے دعا زہرا کو تحویل میں لے لیا، خصوصی ٹیم دعا زہرا کو لے کر لاہور سے کراچی پہنچی تھی۔
محکمہ صحت کے مطابق عمر کے تعین کیلئے دعا زہرا کے مختلف ٹیسٹ اور ایکسرے کیے گئے اور اس کے پیدائشی سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات بھی چیک کیے گئے۔یہاں واضح رہے کہ دعا زہرا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی عمر 17 سال ہے، ڈاکیومینٹس میں والدین نے عمر کم لکھوائی تھی۔
[…] نیوز)دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی […]