اسلام آباد(مسائل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے گھنٹوں مشاورت کے بعد اہم فیصلے کیے،این ایس سی اجلاس میں دو بڑے فیصلے ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے گزشتہ روز ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے طویل اجلاس کے بعد بیان جاری کیا ہے۔ شہباز شریف نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے طویل غور کے بعد کچھ بڑے فیصلے کئے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی رٹ برقرار رکھنے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائے گی جبکہ اقتصادی روڈ میپ سے معیشت بحال ہو گی اور لوگوں کو ریلیف ملے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم محمد شہبازشریف کی صدارت میں قومی سلامتی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا اور سروسز چیفس نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کسی ملک کو پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کو پناہ گاہیں دینے اور سہولت کاری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
- Advertisement -
پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کے لئے ہر اقدام کرنے کا حق رکھتا ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے زیرو ٹالرنس اختیار کی جائے گی، دہشت گردوں سے ریاستی طاقت سے نمٹا جائے گا۔ ،قومی سلامتی معاشی سیکیورٹی کے گرد گھومتی ہے، معاشی خودانحصاری اور آزادی نہ ہو تو ملکی خودمختاری اور وقار پر دباؤ آتا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے دوٹوک رائے کا اظہار کیا کہ پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کے بنیادی مفادات کا نہایت جرات وبہادری، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے تحفظ کیا جائے گا، پوری قوم دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف ایک بیانیہ پر متحد ہے، پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب ملے گا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال اور چیلنجز سے آگاہ کیا اور اس ضمن میں حکومت کی طرف سے اختیار کی گئی معاشی حکمت عملی اور اقدامات کے بارے میں شرکا کو بریفنگ دی گئی۔