سابق پی ٹی آئی قیادت کا ن لیگ سے رابطے کا فیصلہ
لاہور(مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے حکومت اور ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں اور شخصیات سے رابطے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شاہ محمود قریشی سے پی ٹی آئی کے متعدد سابق رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، جس کی اندرونی کہانی اب سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اورموجودہ سیاسی بحران کے حل کیلئے مشاورت کی گئی، اس موقع پرطے کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے مختلف جماعتوں سے بات چیت اور مصالحتی رابطے کیے جائیں گے۔
رابطہ کاری مشن میں فواد چوہدری، عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، سبطین خان، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگرسابق رہنما شامل ہوں گے۔
- Advertisement -
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کے امکانات پر بھی غور کیا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی سے براہِ راست رابطے کی کوششیں بھی کی جائیں گی۔
ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے پارٹی کی موجودہ صورتِ حال، کارکنوں کے حوصلے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق رہنماؤں نے ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر اتفاق کیا ہے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سیاسی محاذ آرائی کے بجائے مفاہمت اور استحکام کی راہ اختیار کی جائے تاکہ ملک کو بحران سے نکالا جا سکے۔