اسلام آباد(ویب ڈیسک)ا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کی بدولت دنیا بھر میں عزت اور وقار کمایا ہے۔ا ساتذہ ہی حقیقی رہنما ہیں جو اپنے طلبا کو مثبت تبدیلیاں لانے کی ترغیب دے سکتے ہیں۔ پاکستان میں اساتذہ با صلاحیت ہیں اور انہوں نے خود کو قابل تقلید نمونہ کے طور ثابت کیا ہے۔
اسلام سب کے لیے تعلیم کے حصول پر زور دیتا ہے۔ہمارے نوجوانوں کو تعلیم دینے میں یونیورسٹیوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق طلبا کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ تعلیم کے شعبے میں انقلاب لا کر ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
- Advertisement -
ان خیالات کا اظہار ا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)کے 16ویں کانووکیشن کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور اسے سماجی و اقتصادی ترقی پر گامزن کرنے میں طلبا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ عملی زندگی میں حقیقی اہداف کے حصول کے لیے محنت بنیادی جزو ہے۔ محنت اور جدوجہد کو اپنا شعار بنا کر طلبا اپنی منزل مقصود حاصل کر سکتے ہیں۔