تحریک انصاف نے نئی درخواست دائر کردی
اسلام آباد (مسائل نیوز) تحریک انصاف نے ن لیگ،پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیسز کے جلد فیصلے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئی درخواست دائر کر دی،تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے پہلے سے زیر سماعت کیس میں متفرق درخواست دائر کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف نے درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی طرح دیگر جماعتوں کے ممنوعہ فنڈنگ کیس سننے میں الیکشن کمیشن ناکام رہا،تحریک انصاف اور اس کے ارکان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔دیگر سیاسی جماعتوں کو موقع دیا گیا کہ وہ تحریک انصاف کے خلاف غلط رپورٹ کا سیاسی فائدہ اٹھائیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ اس طرح کے حربے جمہوریت پر حملے کے مترادف ہے،جمہوریت کے تحفظ کیلئے پٹیشن میں اٹھائے گئے اہم سوالات کا فیصلہ کیا جائے۔
فرخ حبیب نے درخواست میں استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے ممنوعہ فنڈنگ کیسز کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14 دسمبر تک توسیع کی۔عدالت نے عمران خان اور فیصل مقبول کی طبی بنیادوں پر استثنٰی کی درخواست منظور کی۔
بینکنگ کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ اورفارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،پراسکیوٹر رضوان عباسی عدالت پیش ہوئے۔عمران خان کے وکیل کی جانب سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔عمران خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف پہلے بھی عدالت میں پیش ہوتے رہے،عمران خان خرابی صحت کی وجہ سے آج پیش نہیں ہو سکے،وکیل نے استدعا کی کہ عمران خان کو آج کی حاضری سے استثنٰی دیا جائے۔