کوئٹہ(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ مختلف اقوام، قبیلوں اور رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والوں کا گلدستہ ہے۔ ہمارے صوبے کی منفرد ثقافت، روایات اور تہذیب و تمدن یہاں بسنے والے لوگوں کی پہچان ہے بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے وزیر اعلی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زندہ اور باشعور قومیں اپنے ثقافتی و روایتی اقدار اور تاریخی ورثے کا تحفظ کرتی ہیں اور اس دن کو منانے کا مقصد ان تمام روایات، ثقافت،منفرد طرز زندگی کو بہتر سمجھنے اور اسے ہمیشہ زندہ رکھنے کی کوشش ہے۔
- Advertisement -
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ادبی تاریخ میں بلوچ شعراء ،ادیب،مو رخین اور مصنفین نے صوبے کی تہذیبی،ثقافتی،تاریخی،اور روایتی ترجمانی احسن انداز سے کی ہے صوبے کے بلوچی ادب کے تاریخی اعتبار سے نمایاں نام اور روشن ستارے میر گل خان نصیر،عطا شاد،عبدالقیوم بلوچ،سید ظہور شاہ،صدیق اکبر اور دیگر تمام شعرا اور ادباءنے اپنے کلام میں ہمیشہ بلوچ قوم کو ملی یگانگت،ہم آہنگی،قومی یکجہتی،بہادری،اتحاد و اتفاق اور ہر قسم کے تعصب سے بالاتر مثبت اور تعمیری سوچ کا درس دیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا ہے
کہ وہ ان تمام تعمیری پہلووں کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں تاکہ معاشرے اور صوبے کی بہترین عکاسی اور ترجمانی ہو۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچ کلچر کو روایتی علاقائی رقص اور پہناوے کا انداز منفرد بناتا ہے جبکہ بلوچی پکوان اوربلوچوں کی بہادری اور مہمان نوازی کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا گیا ہے بلوچ شعراءاور مصنفین نے اپنی شاعری اور تحریروں میں رواداری،برداشت،تحمل مزاجی،میانہ روی پر عمل کرتے ہوئے اجتماعیت کو فروغ دینے کا درس دیا ہے۔